شاہجہاں پور : یوپی کے شاہجہاں پور میں کچھ شرپسندوں نے مسجد پر بھگوا جھنڈا لہریاجس کے بعد پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے تین افرادکو گرفتار کرلیا۔ رام مندر کے افتتاح کے بعد سے اشرار کی جانب سے ملک کے ماحول کو بگاڑنے کی ناپاک کوشش کی جارہی ہے۔ شاہجہاں پور کے واقعہ کی پولیس نے تصدیق کی ہے۔ شاہجہاں پور میں رام چندر مشن تھانہ علاقہ کے لال باغ علاقہ میں غنڈہ گردی و شرپسندی کا یہ واقعہ پیش آیا۔ اس واقعہ میں گرفتار شرپسند ملزمان کی شناخت انکت کتھیریا، روہت جوشی اور روہت سکسینہ کے طور پر کی گئی۔ اس واقعہ میں ملوث چوتھا ملزم فرار ہوگیا اور پولیس اسے تلاش کررہی ہے۔پولیس افسر سی پی شکلا نے بتایا کہ 22 جنوری کی رات تقریباً 8 بجے تین ملزمین نے مسجد پر چڑھ کر بھگوا جھنڈا لگایا جس پر جے ایس آر کا نعرہ تحریر تھا۔ مقامی شخص فیض اللہ کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا۔ تینوں ملزمان کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔