پٹنہ:راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے قومی ترجمان اور راجیہ سبھا رکن پروفیسر منوج کمار نے ہفتہ کے روز کہا کہ آر جے ڈی نے ہمیشہ بہار کی بہتری اور عوامی مفادات کے ایشوز کو لے کر جدوجہد اور تحریک کی ہے۔ انھوں نے بی جے پی لیڈروں کو نصیحت دیتے ہوئے کہا کہ بہار بی جے پی لیڈران اپنی ریاست کو واجب حق دلائیں۔
پٹنہ میں پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے منوج جھا نے کہا کہ بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ اور اسپیشل پیکیج کی ضرورت ہے۔ لیکن بہار کو مرکزی حکومت کے ذریعہ اس کا حق نہیں دیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ 2014 سے پہلے بی جے پی کو یہ باتیں یاد رہتی تھیں، لیکن اب یہ باتیں وہ بھول گئی۔ انھوں نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ بہار بی جے پی لیڈران کے لیے بہار کی کوئی اہمیت ہے یا نہیں، ان کی توجہ بہار کی طرف کب جائے گی؟
پروفیسر منوج جھا نے کہا کہ بی جے پی مردم شماری کو لے کر دوہری پالیسی اختیار کر رہی ہے۔ لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لیے نفرت اور مذہب کی سیاست کے سہارے سیاسی مفادات سادھنے میں لگی ہوئی ہے۔ بہار میں مظاہرہ کرنے والی پارٹی بی جے پی کو بتانا ہوگا کہ بورے میں مرچی لے کر کس طرح سے پرامن مظاہرہ کیا جاتا ہے۔ جس کی چھجو باغ میں موت ہوئی تو اسے بھی بی جے پی سیاسی ایشو بنا رہی ہے، یہ کون سی سوچ ہے۔ انھوں نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے جھوٹ بول کر جہاں کی اجازت لی تھی، وہاں سے آگے نکل کر ممنوعہ علاقہ میں بغیر اجازت کے مظاہرہ کیا، جو کہیں سے بھی مناسب نہیں تھا۔ اس دوران قومی ترجمان منوج جھا اور ریاستی ترجمان شکتی سنگھ یادو کے مشترکہ دستخط سے ریاست بھر کے ضلعوں میں دو دو ترجمانوں کی تقرری کا بھی اعلان کیا۔