گودھرا:سپریم کورٹ کے حکم کے بعد بلقیس بانو کیس کے تمام 11 ملزمان نے اتوار کی دیر رات سخت پولیس نگرانی میں گودھرا سب جیل میں خودسپردگی کی۔ سپریم کورٹ نے بلقیس بانو کیس کے ملزمان کو گجرات حکومت کی طرف سے دی گئی معافی کو منسوخ کرنے کے بعد انہیں 21 جنوری تک جیل واپس جانے کا حکم دیا تھا۔ تمام 11 مجرم دو نجی گاڑیوں میں رات 11:30 بجے سنگواڑ رندھیک پور سے گودھرا سب جیل پہنچے اور خودسپردگی کی۔مقامی کرائم برانچ کے انسپکٹر این ایل دیسائی نے میڈیاکوبتایاکہ "تمام 11 مجرموں نے اتوار کی رات دیر گئے جیل حکام کے سامنے خودسپردگی کر دی ہے۔” واضح ہو کہ 8 جنوری کو سپریم کورٹ نے ہائی پروفائل کیس میں 11 قصورواروں کو گجرات حکومت کی طرف سے دی گئی استثنیٰ کو منسوخ کر دیا تھا، جبکہ ریاست کو اپنی صوابدید کا غلط استعمال کرنے پر سرزنش کی تھی۔ عدالت نے 2022 میں یوم آزادی پر قبل از وقت رہا ہونے والے مجرموں کو دو ہفتوں کے اندر جیل واپس جانے کا حکم دیا تھا۔
چند روز قبل عدالت عظمیٰ نے مجرموں کو سرینڈر کرنے کے لیے مزید مہلت دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کسی بھی صورت میں اتوار تک سرینڈر کریں۔ 11 مجرموں میں بکا بھائی ووہنیا، بپن چندر جوشی، کیسر بھائی ووہنیا، گووند نائی، جسونت نائی، متیش بھٹ، پردیپ موردھیا، رادھے شیام شاہ، راجو بھائی سونی، رمیش چندنا اور شیلیش بھٹ شامل ہیں۔