پٹنہ :بہار بی جے پی کے ترجمان اور ریاستی ایگزیکٹیو کمیٹی رکن ونود شرما نے پارٹی سے استعفیٰ کا اعلان کر دیا ہے۔ ونود شرما نے پارٹی سے اپنے استعفیٰ کی وجہ منی پور تشدد کو بتایا ہے اور پارٹی کے سبھی عہدوں سے مستعفیٰ ہونے کی خبر میڈیا کو دی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ونود شرما نے اپنے استعفیٰ سے جڑے پوسٹرس پٹنہ کے چوراہوں پر لگائے ہیں جن میں منی پور میں پیدا حالات کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی اور منی پور کے وزیر اعلیٰ بیرین سنگھ کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ان سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔
جو پوسٹر پٹنہ کے چوراہوں پر لگائے گئے ہیں، ان میں ونود شرما کے استعفیٰ کے ساتھ ساتھ منی پور واقعہ کے لیے پوری طرح سے وزیر اعظم نریندر مودی اور منی پور کے وزیر اعلیٰ بیرین سنگھ کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔ شرما نے اپنے پوسٹر میں مشہور ہندی شاعر دنکر کے الفاظ کا استعمال کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے ’سمر شیش ہے، نہیں پاپ کا بھاگی کیول ویاگھر… جو تٹست ہے، سمئے لکھے گا ان کا بھی اَپرادھ‘۔ انھوں نے مودی حکومت کے خلاف ایک نعرہ بھی دیا ہے جو اس طرح ہے: بھارت کی بیٹیاں کرے چیتکار، شرم کرو بیٹی بچاؤ کا نعرہ دینے والی مودی سرکار۔
جے پی نڈا کو بھیجے گئے اپنے استعفیٰ نامہ میں ونود شرما نے لکھا ہے کہ منی پور میں بیٹیوں کو مکمل برہنہ کر بھیڑ میں سڑکوں پر گھمائے جانے کے واقعہ نے پوری دنیا میں ہندوستان کو شرمسار کیا ہے۔ اس کے لیے پی ایم مودی اور وزیر اعلیٰ بیرین سنگھ دونوں ذمہ دار ہیں۔ ایسی قیادت میں کام کرتے ہوئے مجھے شرمندگی ہو رہی ہے۔ اس لیے میں فوری اثر سے پارٹی کے سبھی عہدوں سے استعفیٰ دیتا ہوں۔