پٹنہ: بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے شخص کو گجرات کے سورت سے گرفتار کیا گیا ہے۔ انٹیلی جنس اطلاع کے بعد بہار پولیس نے سورت کرائم برانچ سے مدد طلب کی تھی۔ کرائم برانچ نے لسکانہ سے نوجوان کو پکڑ کر بہار پولیس کے حوالے کر دیا۔ اس دوران ملزم کو میڈیا کے سامنے نہیں لایا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دھمکی دینے والے ملزم کا نام انکت مشرا ہے جس کی عمر 28 سال بتائی جاتی ہے۔ اب تک کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ انکت مشرا نے 20 مارچ کو انٹرنیٹ کے ذریعے ایک میڈیا چینل سے رابطہ کیا تھا۔ ملزم نے فون پر وزیر اعلیٰ کو 36 گھنٹے میں بم سے اڑانے کی دھمکی دی تھی۔
موصولہ اطلاع کے مطابق بہار پولیس کی ٹیم ملزم انکت مشرا کو ساتھ لے کر سورت سے روانہ ہو گئی ہے۔ پولیس ملزم کو پٹنہ ضلع کے سکریٹریٹ تھانے میں لائے گی اور اس کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو دھمکی دینے کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ اب ملزم سے اس کے مقصد کے بارے میں پوچھ گچھ کی جائے گی۔