اُتر پردیش کے ضلع بلیا میں منگل کی رات بہار آرمز پولیس کی بس حادثے کا شکار ہوگئی جس سے 29 جوان زخمی ہوئے اور ان میں سے 10 کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ یہ واقعہ قومی شاہراہ 31 پر پیش آیا جب بہار اسپیشل آرمز پولیس کی 18 ویں بٹالین کی ایک کمپنی کے جوان چھٹ اور دیوالی کی تعطیلات کے لئے سوار تھے۔ بس بلیا کے بیریا علاقے کے پاس چاند دیار پٹرول پمپ کے قریب نیم شب کے وقت بے قابو ہو کر پلٹ گئی اور قریبی دریا میں جا گری۔
حادثے کی فوری اطلاع پر نزدیکی سونبرسا بیریا کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں زخمیوں کو منتقل کیا گیا۔ طبی امداد کے بعد 10 شدید زخمی جوانوں کو بلیا ضلعی اسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔ تازہ ترین معلومات کے مطابق زخمی جوانوں کی حالت اب مستحکم ہے۔
ضلع بلیا کے ایس پی وکرانت ویر نے بتایا کہ بٹالین کے جوان ڈیوٹی کے لئے بہار کے روہتاس سے سیوان جا رہے تھے اور دو بسوں میں سوار تھے۔ بس کا ڈرائیور رات ایک بجے کے قریب نیند کی جھپکی آنے کے باعث کنٹرول کھو بیٹھا اور بس دریا میں جا گری۔ بس میں تقریباً 40 جوان موجود تھے جن میں سے 15 سے 20 جوان کو شدید چوٹیں آئیں۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہوگیا جس میں بس کو پانی میں ڈوبا ہوا دکھایا گیا ہے۔