نئی دہلی : ہندوستان نے ایک بار پھر کینیڈا کو زور کا جھٹکا دیا ہے۔ نئی دہلی نے اوٹاوا سے کہا ہے کہ اسے 10 اکتوبر تک تقریباً 40 سفارت کاروں کو واپس بلانا ہوگا۔حالانکہ حکومت ہند کی جانب سے ابھی تک اس معاملے پر کوئی بیان جاری نہیں کیاگیا ہے۔لیکن ’فنانشل ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ میں کہاہے کہ کینیڈا کے ہندوستان میں 62 سفارتکار ہیں اور ہندوستان نے کہا تھا کہ کل تعداد میں 41 کی کمی کی جائے۔ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے خالصتانی دہشت گرد ہردیپ سنگھ ننجر کے قتل کے پیچھے ہندوستانی حکومت کا ہاتھ ہونے کا الزام لگانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔اس باعث نئی دہلی اور اوٹاوا کے درمیان سفارتی تعلقات کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کینیڈا کی پارلیمنٹ میں بحث کے دوران الزام لگایا کہ کینیڈا کے قومی سلامتی کے حکام کے پاس یہ ماننے کی وجہ ہے کہ سرے سے تعلق رکھنے والے گرو نانک سکھ ہردیپ سنگھ نجر کا قتل بھارتی حکومت کے ایجنٹوں نے کروایا۔
تاہم ہندوستان نے ان دعوؤں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے مضحکہ خیز قرار دیا تھا۔ ہندوستانی حکومت نے کہا ہے کہ کینیڈا نے ابھی تک اس دعوے کی تائید کے لیے کوئی عوامی ثبوت فراہم نہیں کیا ہے کہ نجر کو ہلاک کیا گیا تھا۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے حال ہی میں کہا کہ کینیڈا کے ساتھ جاری مسئلہ ملک میں دہشت گردی، انتہا پسندی اور تشدد کے حوالے سے حکومت کی سستی کی وجہ سے کچھ سالوں سے برقرار ہے۔وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو تعلق قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستانی حکومت اس معاملے کے بارے میں کینیڈین فریق کے اشتراک کردہ کسی بھی متعلقہ نکات پر غور کرنے کے لیے تیار ہے۔پیر کو امریکہ نے کہا کہ جو بائیڈن انتظامیہ نے کئی مواقع پر ہندوستانی حکومت سے بات کی ہے اور ان پر زور دیا ہے کہ وہ نجر کی موت کی تحقیقات میں کینیڈا کے ساتھ تعاون کریں۔