پٹنہ:ریاست بہار کے میڈیکل کالجوں میں 85 فیصد سیٹوں کے لیے پہلے مرحلے کے داخلہ کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ بہار کمبائنڈ انٹرنس کمپیٹیٹیو اکزامینشن بورڈ (بی سی ای سی ای بی) نے داخلہ منسوخ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ بی سی ای سی ای بی کے مطابق جاری کی گئی میرٹ لسٹ میں تبدیلی کے سبب داخلہ منسوخ کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ اطلاع کے مطابق آپشن بدلنے کے لیے وِنڈو 24 سے 25 ستمبر تک کھلے رہیں گے۔پہلے راؤنڈ میں داخلہ کے لیے سرٹیفکیٹس کی جانچ 28 سے 30 ستمبر کے درمیان ہوگی۔ یہ پورا معاملہ تانتی یا تتوا ذات کو پان سواسی سے ہٹانے کا بتایا جاتا ہے۔ واضح ہو کہ حکومت بہار نے تانتی ذات کو پان سواسی سے ہٹا کر ای بی سی کوٹے میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
تانتی ذات کو آن لائن درخواست کے وقت ایس سی کوٹے میں دکھایا گیا تھا۔ اب انہیں بدلاؤ کرنے کا موقع دیتے ہوئے ایس سی سے ای بی سی کوٹے میں تبدیل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ایس سی کے کُل 30 امیدواروں کو ای بی سی کوٹے میں تبدیل کیا گیا ہے۔ اسی وجہ سے یو جی ایم اے سی-2024 کے 21 اگست کو جاری میرٹ لسٹ میں تبدیلی ہو گئی۔بہار کمبائنڈ انٹرنس کمپیٹیٹیو اکزامینشن بورڈ (بی سی ای سی ای بی) کا کہنا ہے کہ پہلے شائع میرٹ لسٹ میں تبدیلی کے سبب پہلے مرحلے کی کاؤنسلنگ منسوخ کی گئی ہے جس کی وجہ سے سبھی امیدواروں کا داخلہ منسوخ ہو گیا ہے۔ اب پھر سے امیدواروں کو متبادل بدلنے کے لیے ونڈو 24 سے 25 ستمبر تک جاری کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے کے تحت سیٹ الاٹمنٹ رزلٹ 27 ستمبر تک جاری کیا جائے گا۔ مرحلہ-1 کے تحت داخلہ و سرٹیفکیٹس کی تصدیق 28 سے 30 ستمبر تک ہوگی۔