نئی دہلی: تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں نے آج یعنی اتوار یکم اکتوبر سے تجارتی ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 209 روپے کا اضافہ کر دیا ہےجو لاکھوں صارفین کے لیے بہت بڑا جھٹکاہے۔صنعتی ذرائع کے مطابق اس اضافے کے نتیجے میں، نئی دہلی میں یکم اکتوبر سے 19 کلو کے کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت اب 1,731.50 روپے ہو جائے گی۔
یہ فیصلہ صرف ایک ماہ بعد آیا ہے جب او ایم سی نے کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 158 روپے کی نمایاں کمی کی تھی، جو یکم ستمبر سے نافذ ہوئی تھی اورقومی دارالحکومت میں ان کی قیمت 1,522 روپے تک کم ہو گئی تھی۔کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں تازہ ترین اضافہ بھی اس وقت ہوا جب مرکز نے اگست میں ملک بھر کے تمام کنکشن ہولڈرز کے لیے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 200 روپے کی کمی کر دی ہے۔
تجارتی اور گھریلو دونوں ایل پی جی (مائع پٹرولیم گیس) سلنڈروں کے لیے ماہانہ ترمیم ہر مہینے کے پہلے دن کی جاتی ہے۔ اس سے قبل اگست میں بھی تجارتی ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں او ایم سی نے 99.75 روپے کی کمی کی تھی لیکن اکتوبر میں اس میں209روپے کااضافہ کر دیا گیا ہے ،تجارتی ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میںاضافہ کے نتیجےکے طور پر باہر کھانا پینا مہنگا ہو سکتا ہے۔