سہارنپور: وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس پر بڑا حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی جنگ لڑنے والی کانگریس دہائیوں پہلے ختم ہو چکی تھی۔ کانگریس کے منشور پر پوری طرح مسلم لیگ کی چھاپ ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کو سہارنپور میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ جو کانگریس اب رہ گئی ہے اس کے پاس نہ تو ملک کے مفاد میں پالیسیاں ہیں اور نہ ہی قوم کی تعمیر کا وژن ہے۔
انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا: ‘کل کانگریس نے جس طرح کا منشور جاری کیا ہے اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ آج کی کانگریس آج کے ہندوستان کی امیدوں اور امنگوں سے پوری طرح کٹ چکی ہے۔ کانگریس کا منشور اسی سوچ کی عکاسی کرتا ہے جو تحریک آزادی کے دوران مسلم لیگ میں رائج تھی۔ کانگریس کے منشور پر پوری طرح سے مسلم لیگ کی چھاپ ہے اور اس کا جو بھی حصہ رہ گیا ہے، اس پر بائیں بازو کا مکمل غلبہ ہے۔ اس میں کانگریس بالکل نظر نہیں آ رہی ہے۔