پٹنہ :بہار میں کابینہ کی توسیع پر بحث کے درمیان کانگریس ایم ایل اے نیتو کماری نے کابینہ کی توسیع میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کا مطالبہ کرریاست کی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔ انہوں نے اپنی ہی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ نیتو کماری نے کہا کہ ایک طرف حکومت کے سربراہ نتیش کمار خواتین کے حقوق کی بات کرتے ہیں تو دوسری طرف کابینہ میں خواتین کی نمائندگی بہت محدود ہے۔انہوں نے کہا خواتین اراکین اسمبلی کو کابینہ کی توسیع میں جگہ دی جانی چاہیے۔ انہوں نے اپنے ضلع سے کابینہ میں توسیع کی بھی بات کی ہے۔
ایک ہندی نیوز پورٹل سے بات چیت کرتے ہوئے نیتو کماری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار ہمیشہ خواتین کے حقوق کی بات کرتے ہیں،اس لیے انہیں خواتین کے حقوق کے لیے کام بھی کرنا چاہئے۔ اگر گرینڈ الائنس کی حکومت بنتی ہے تو اس میں خواتین کو بھی حصہ ملنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بہار حکومت میں جے ڈی یو سے دو خواتین وزیر ہیں۔ آر جے ڈی کی طرف سے ایک خاتون وزیر بھی ہیں۔ کانگریس کے پاس بھی دو خواتین ایم ایل اے ہیں، اس لیے ان میں سے ایک کو اس بار کابینہ میں جگہ ملنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میں اس طرف وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کی بھی توجہ مبذول کرانا چاہوںگی کیونکہ وہ اس طرف توجہ دیں۔ حالانکہ نوادہ ضلع سے بی جے پی کے ایم پی ہیںلیکن وہاں کی 6 اسمبلی سیٹوں میں سے 5 سیٹیں گرینڈ الائنس کے پاس ہیں۔نیتو کماری نے کہا کہ یہ ہمارے ضلع کی بدقسمتی ہے کہ ہمارا ضلع مسلسل 15 سال سے اچھوت رہا۔ وہاں سے کوئی وزیر نہیں بنایا گیا۔ یہ بہار کا سب سے پسماندہ ضلع ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس بار نوادہ ضلع کی ایک خاتون کے ساتھ ساتھ ایک مرد کو بھی کابینہ میں شامل کیا جائے۔انہوںنے ڈپٹی سی ایم تیجسوی یادو سے کہا کہ آر جے ڈی کے نوادہ ضلع سے تین ایم ایل اے ہیں، اس لیے ان میں سے ایک کو کابینہ میں شامل کیا جانا چاہیے۔