مدھیہ پردیش کے سیدھی ضلع میں قبائلی نوجوان کے ساتھ بی جے پی لیڈر کے مبینہ گھناؤنے عمل کے تعلق سے مشہور گلوکارہ نیہا سنگھ راٹھوڑ نے ایک ٹوئٹ کیا تھا۔ یہ ٹوئٹ اب ان کے لیے مصیبت کا سبب بن گیا ہے۔ نیہا سنگھ راٹھوڑ کے خلاف اندور اور بھوپال میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔
دراصل سیدھی ضلع کے واقعہ کو لے کر بھوجپوری گلوکارہ نیہا سنگھ راٹھوڑ نے ایک ٹوئٹ کیا تھا اور لکھا تھا ’ایم پی میں کا با… جلد آ رہا ہے۔‘ الزام ہے کہ انھوں نے اس کے ساتھ ایک تصویر بھی پوسٹ کی تھی، جس سے سیاسی ہلچل پیدا ہو گئی۔ اس تصویر کو بی جے پی سےجڑے لوگ آر ایس ایس کی بے عزتی قرار دے رہے ہیں۔ بہرحال، نیہا سنگھ نے خود ٹوئٹ کر بتایا کہ بی جے پی لیڈر نے قبائلی شخص کے سر پر پیشاب کر دیا اور اس کی تنقید کرنے پر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔
سورج کھرے کی طرف سے بھوپال کے حبیب گنج تھانہ میں درج کرائی گئی شکایت کی بنیاد پر نیہا سنگھ راٹھوڑ کے خلاف معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔ اس درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیدھی واقعہ کو لے کر کیے گئے پوسٹ میں ملزم کو آر ایس ایس کی ڈریس میں دکھایا گیا ہے۔ ایک دیگر شکایت اندور کے چھوٹی گوال ٹولی تھانہ حلقہ میں بی جے پی کے مہانگر کنوینر نمیش پاٹھک نے درج کرائی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نیہا سنگھ نے جو تصویر ٹوئٹ کی ہے اس میں ایک شخص بیٹھا ہوا ہے، جبکہ دوسرا شخص کھڑا ہو کر اس کے اوپر پیشاب کر رہا ہے۔ وہ شخص کالی ٹوپی اور خاکی نیکر میں دکھایا گیا ہے۔ اسی پر تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔