نئی دہلی : ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 2 میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کیپ ٹاؤن کے نیو لینڈز گراؤنڈ میں کھیلا گیا تھا۔ ہندوستان نے یہ ٹیسٹ میچ ڈیڑھ دن میں جیت لیا تھا۔ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز مجموعی طور پر 23 وکٹیں گریں، جس کو لے کر کافی ہنگامہ ہوا تھا۔ اب آئی سی سی نے اس پچ پر اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ آئی سی سی اس پچ سے مطمئن نہیں ہے جس پر یہ میچ منعقد ہوا تھا۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا یہ سب سے چھوٹا ٹیسٹ میچ رہا، جس میں 107 اوورز کرائے گئے اور 33 وکٹیں گریں۔
آئی سی سی کے میچ ریفری کرس براڈ نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کی پچ کے حوالے سے اپنی رپورٹ جمع کرادی ہے۔ اس رپورٹ میں میچ آفیشلز نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جانچ کے بعد میچ آفیشلز نے نیو لینڈز کی پچ کو غیر تسلی بخش قرار دیا ہے۔ کرس براڈ نے کہا کہ نیو لینڈز کی پچ بلے بازوں کے لئے مشکل تھی۔ پورے میچ میں گیند تیزی سے اور کبھی انتہائی خطرناک طریقہ سے باؤنس ہوئی ، جس کی وجہ سے بلے بازوں کے لیے شاٹس کھیلنا مشکل ہو جاتا ہے۔ کئی گیندیں بلے بازوں کے دستانے سے ٹکرا کر خطرناک طریقے سے اچھلیں ۔