جھارکھنڈ میں 21 اور 22 ستمبر کو صبح 8 بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک انٹرنیٹ خدمات بند رہیں گی۔ اس کے تحت سبھی موبائل سروس پرووائیڈرس کے انٹرنیٹ، ڈاٹا اور وائی فائی خدمات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ جمعہ کی شام محکمہ داخلہ، جیل اور آفات انتظامیہ کی چیف سکریٹری وندنا دادیل نے یہ حکم جاری کیا ۔ جھارکھنڈ کی ہیمنت سورین حکومت کا یہ سخت فیصلہ ریاست میں جے ایس ایس سی کے مشترکہ گریجویشن سطح کے امتحان (سی جی ایل 2023) کو غیر جانبدارانہ اور منصفانہ طور سے مکمل کرانے کے مقصد سے لیا گیا ہے۔
حکم نامہ میں ہے کہ جھارکھنڈ اسٹاف سلیکشن کمیشن (جے ایس ایس سی) کے توسط سے ریاستی حکومت کے محکموں میں مختلف خالی عہدوں کے لیے سی جی ایل امتحان-2023 ہفتہ اور اتوار کو ریاست کے 24 اضلاع کے مختلف امتحان مراکز پر منعقد کی جا رہی ہے۔ امتحان کے لیے کُل 823 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ اندازہ ہے کہ تقریباً 6 لاکھ 40 ہزار امیدوار اس میں شامل ہوں گے۔