نئی دہلی :دہلی ہائی کورٹ نے اولڈ راجندر نگر کوچنگ حادثہ کی جانچ آج سی بی آئی کے حوالے کر دی۔ آج اس معاملے میں ہوئی سماعت کے دوران عدالت نے دہلی پولیس کی جانچ پر سوال اٹھائے اور خوب پھٹکار بھی لگائی۔ عدالت نے ایس یو وی ڈرائیور کی گرفتاری کا تذکرہ کرتے ہوئے دہلی پولیس پر سخت ناراضگی ظاہر کی اور کہا کہ ’’مہربانی ہے کہ آپ نے بارش کے پانی کا چالان نہیں کاٹا۔
آج ہوئی سماعت کے وقت ایم سی ڈی کمشنر اور مقامی ڈی سی پی بھی عدالت میں موجود تھے۔ ہائی کورٹ نے ایم سی ڈی کے افسران سے سیویج سسٹم کے بارے میں سوال کیا۔ عدالت نے کہا کہ حادثہ کی آپ سائنسی طریقے سے جانچ کریں، کسی طرح کے دباؤ میں نہیں آنا ہے۔ آپ کو حالات سے نمٹنا ہے۔ جس علاقے میں حادثہ ہوا ہے، وہاں پانی نکلنے کا انتظام نہ کے برابر تھا اور سڑکیں نالیوں کا کام کر رہی تھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ عدالت نے سڑک سے گزر رہے ایک شخص کو گرفتار کیے جانے پر بھی سوال کھڑا کر دیا۔
حادثہ کے تعلق سے دہلی ہائی کورٹ نے تلخ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کچھ اداروں نے خود کو قانون سے اوپر سمجھ لیا ہے، کچھ تو جوابدہی ہونی چاہیے۔ یہاں کسی کی کوئی بھی جوابدہی نہیں ہے، زندگی کی کوئی قیمت نہیں ہے۔ ایم سی ڈی سے فائل نہ ملنے کی بات کہنے والی دہلی پولیس سے عدالت نے کہا کہ اگر آپ کو ایم سی ڈی کی طرف سے فائل نہیں مل رہی ہے تو پھر آپ ان کے دفتر میں جا کر فائل ضبط کر لیجیے۔