بہار میں مانسون کی وداعی کے بعد موسم کا مزاج بدل رہا ہے۔ رات کو ٹھنڈ بڑھ رہی ہے اور دن میں دھوپ کھل رہی ہے۔ ریاست میں پُوروا اور پچھوا ہوا کی سمت مسلسل تبدیل رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹے کے دوران موسم میں تھوڑی تبدیلی آئے گی، ہوا دھیمی چلے گی اور سمت بھی بدلے گی۔ اس وجہ سے کئی ضلعوں میں ہلکے بادل چھائے رہیں گے۔ ساتھ ساتھ مشرقی علاقے کے کچھ حصوں میں ہلکی بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔
ریاست کے سیتامڑھی اور مدھوبنی ضلع میں گزشتہ کچھ دنوں سے صبح میں کہرا چھایا رہ رہا ہے۔ آئندہ کچھ دنوں میں اسی طرح کئی دیگر ضلعوں میں بھی کہرے کی چادر دیکھی جا سکتی ہے۔ کہرے کے سبب دھان اور دیگر فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے جو کسانوں کے لیے اچھی خبر نہیں ہے۔
پٹنہ کے محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی ہوا کا اثر پورے بہار میں بنا ہوا ہے۔ اس وجہ سے زیادہ تر علاقوں میں آسمان صاف ہے اور دن میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ 15 اکتوبر کو پورے ہندوستان میں مانسون کی وداعی ہو چکی ہے۔ وہیں گزشتہ 24 گھنٹے میں کشن گنج کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ہے جبکہ باقی سبھی ضلعوں میں موسم خشک رہا۔
بہار میں موسم کا مزاج بدلنے سے لوگوں میں صحت سے متعلق مسائل پیدا ہونے شروع ہو گئے ہیں۔ ٹھنڈی اور گرمی کی وجہ سے وائرل بخار، سردی اور کھانسی نے لوگوں کو پریشان کر رکھا ہے۔ ڈاکٹروں نے لوگوں کو بغیر صلاح کے کوئی بھی دوا نہیں کھانے کو کہا ہے۔ وہیں دوا فروخت کنندگان کا کہنا ہے کہ ایلرجی اور اینٹی بایوٹک دواؤں کی فروختگی میں اچانک اضافہ ہو گیا ہے۔
اس درمیان محکمہ موسمیات نے بہار کے 12 ضلع میں ہلکی سے درمیانی سطح کی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ان ضلعوں میں مدھے پورہ، پورنیہ، سہرسہ، کٹیہار، بھاگلپور، سوپول، ارریہ، کشن گنج، جموئی، مونگیر اور بانکا شامل ہیں۔ بارش کے پیش نظر یہاں کے لوگوں کو احتیاط برنے کی ہدایت دی گئی ہے۔