نئی دہلی :انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعہ کے روز آبکاری معاملہ میں ایک سخت قدم اٹھاتے ہوئے منیش سسودیا سمیت کچھ دیگر لوگوں کی ملکیت قرق کر لی ہے۔ قرق کی گئی ملکیتوں کی مجموعی قیمت 52.24 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔ جن کی ملکیتیں قرق کی گئی ہیں ان میں عآپ لیڈر اور دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کے علاوہ امن دیپ سنگھ ڈھل، راجیش جوشی، گوتم ملہوترا وغیرہ شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قرق ملکیت میں منیش سسودیا اور ان کی بیوی سیما سودیا کی 2 غیر منقولہ ملکیتیں ہیں۔ اس کے علاوہ راجیش جوشی و چیریٹ پروڈکشنز میڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کی اراضی اور فلیٹ شامل ہیں۔ گوتم ملہوترا کی بھی زمین اور فلیٹ قرق کیے جانے کی خبریں مل رہی ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ قرقی میں 44.29 کروڑ روپے کی منقولہ ملکیت بھی شامل ہیں۔ اس میں منیش سسودیا کے 11.49 لاکھ روپے، برنڈکو سیلس پرائیویٹ لمیٹڈ 16.49 کروڑ روپے اور دیگر کے بینک اکاؤنٹس میں پڑے ہوئے ہیں۔ آبکاری گھوٹالہ معاملے میں جاری کردہ یہ قرقی کا دوسرا حکم ہے۔ قرقی کا پہلا حکم 76.54 کروڑ روپے کی غیر منقولہ/منقولہ ملکیتوں پر مشتمل تھا۔ اس میں وجئے نایر، سمیر مہندرو، امیت اروڑہ، ارون پلئی اور دیگر لوگوں کی ملکیتیں شامل تھیں۔
آبکاری گھوٹالہ معاملہ میں اب تک مجموعی طور پر 128.78 کروڑ روپے کی قرقی ہو گئی ہے۔ حالانکہ یہ گھوٹالہ کم از کم 1934 کروڑ روپے کا ہے۔ ای ڈی نے اب تک اس معاملے میں 12 لوگوں کو گرفتار کیا ہے اور آگے کی جانچ جاری ہے۔