تمل ناڈو کے تریچی ایئرپورٹ پر جمعہ، 11 اکتوبر کو ایئر انڈیا ایکسپریس کی ایک فلائٹ کی ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔ فلائٹ نمبر آئی ایکس 613 نے شام 5:40 پر تریچی سے شارجہ کے لیے اڑان بھری تھی، تاہم پرواز کے دوران پائلٹ کو طیارے کے ہائیڈرولک سسٹم میں خرابی کا علم ہوا۔ اس کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) سے رابطہ کیا گیا اور 3 گھنٹے تک ہوا میں چکر کاٹنے کے بعد طیارے کی بحفاظت لینڈنگ کرائی گئی۔
ایمرجنسی لینڈنگ کی وجہ سے تریچی ایئرپورٹ کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا تھا اور تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے۔ طیارے میں موجود 140 مسافروں کو بحفاظت باہر نکالا گیا۔ پائلٹ نے مہارت سے کام لیتے ہوئے فضا میں طیارے کے چکر لگا کر ایندھن کو کم کیا تاکہ لینڈنگ کے دوران کسی حادثے کا خدشہ نہ ہو۔
ایئر انڈیا ایکسپریس کے ترجمان کے مطابق، پائلٹ کو جیسے ہی ہائیڈرولک سسٹم میں خرابی کا پتہ چلا، اس نے فوری طور پر ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔ اس دوران مسافروں کو صرف تکنیکی خرابی کی اطلاع دی گئی تھی تاکہ ان میں خوف و ہراس نہ پھیلے۔ پائلٹ کی کوششوں سے آخرکار رات 8:15 بجے تریچی ایئرپورٹ پر طیارے کی محفوظ لینڈنگ ممکن ہوئی۔
محکمہ شہری ہوا بازی کے مطابق، طیارے کا لینڈنگ گیئر کام نہیں کر رہا تھا، جس کی وجہ سے بیلی لینڈنگ کا بھی انتظام کیا گیا تھا، لیکن اس کی ضرورت پیش نہ آئی۔ تریچی ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ ایمرجنسی کی صورت میں 20 ایمبولینسز اور 18 فائر ٹینڈرز کو تیار رکھا گیا تھا۔ ایئرپورٹ پر سبھی اقدامات مکمل تھے تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔