لکھنئو: اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو بی جے پی کے امیدواروں کے بارے میں کہا ہے کہ یہ سب ہاریں گے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’یہ جو لسٹ آپ دیکھ رہے ہیں، یہ سب کے سب ہاریں گے۔‘‘ مرکزی وزیر داخلہ برائے مملکت اجئے مشرا ٹینی کو ٹکٹ دینے کے سوال پر اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’جب ملزمین کو ٹکٹ دیئے جا رہے ہیں تو یہ بات بے معنی ہو جاتی ہے کہ بی جے پی حکومت کسانوں کے معاملے میں سنجیدہ ہے۔‘‘ اکھلیش یادو نے بارہ بنکی سے بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ کے مبینہ ویڈیو پر بھی ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں نے نہیں دیکھا، مجھے کوئی اطلاع نہیں ہے۔‘‘ واضح رہے کہ بارہ بنکی کے ممبر پارلیمنٹ اور امیدوار اپیندر سنگھ راوت کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ کسی غیرملکی َخاتون کے ساتھ قابلِ اعتراض حالت میں نظر آتے ہیں۔ جب کہ اس ویڈیو کے بارے میں ممبر پارلیمنٹ کا دعویٰ ہے کہ وہ جھوٹی ہے اور اے آئی کے ذریعے تیار کردہ ہے۔
سی بی آئی کی نوٹس کے معاملے پر اکھلیش یادو نے کہا کہ سی بی آئی ایک بڑی ایجنسی ہے، اگر وہ سوال کرے گی تو جواب دیں گے۔ اگر تھانے پر بی جے پی کا قبضہ ہے تو سی بی آئی تو ایک بڑی ایجنسی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ژالہ باری اور بارش سے متاثر ہوئے کسانوں کی مدد کی جائے۔ اکھلیش یادو نے اس موقع پر بی جے پی کو ملنے والے الکٹورل بانڈ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس حکومت نے جن صنعتکاروں کے قرضے معاف کیے ہیں، کہیں انہوں نے ہی تو بی جے پی کے الیکٹورل بانڈز نہیں خریدے ہیں؟