تھیٹر اور فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار و ہدایت کار عامر رضا حسین کی تدفین آج سینکڑوں نمناک آنکھوں کے درمیان شاہ مرداں جور باغ قبرستان میں ہو گئی۔ 5 جون کو بعد نماز مغرب شاہ مرداں میں ہی انھیں غسل دیا گیا اور نمازِ جنازہ بھی پڑھی گئی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں معزز سماجی شخصیات بھی موجود تھے۔قابل ذکر ہے کہ عامر رضا حسین کا انتقال 3 جون کو میکس اسپتال میں ہو گیا تھا جہاں وہ زیر علاج تھے۔ انھوں نے 66 سال کی عمر پائی اور ان کے انتقال کی خبر سے مداحوں میں صدمے کی لہر دوڑ گئی۔ عامر رضا حسین کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ وراٹ تلوار اور دو بیٹے ہیں۔واضح رہے کہ عامر رضا حسین کی پیدائش 6 جنوری 1957 کو ایک اشرافیہ اودھی گھرانے میں ہوئی تھی۔ حسین کی پرورش ان کی والدہ نے کی تھی۔ حسین نے اپنی اسکولی تعلیم میو کالج، اجمیر سے مکمل کی اور پھر سینٹ اسٹیفن کالج سے تاریخ کی تعلیم حاصل کی، جہاں انہوں نے جوائے مائیکل، بیری جان اور مارکس مرچ جیسے نامور اداکاروں کی ہدایت کاری میں کالج کے کئی ڈراموں میں اداکاری کی۔خیال رہے کہ ’باہوبلی‘، ’آر آر آر‘ اور جلد ہی ریلیز ہونے والی ’آدی پرُش‘ جیسی بڑی فلموں سے پہلے بھی عامر رضا حسین کی تخلیقی طاقت نے ’دی ففٹی ڈیڈ وار‘ کے ذریعے ہندوستان کو ایک میگا تھیٹر پروڈکشن کا تجربہ کرایا تھا۔ حسین نے ’دی ففٹی ڈے وار‘ میں کرگل کی کہانی اس طرح سنائی کہ آج تک کوئی نہیں بتا سکا تھا۔ انہوں نے اسٹیج پر جیسس کرائسٹ-سپر اسٹار اور دی لیجنڈ آف رام بھی پیش کی تھی۔حسین دو فلموں میں بھی نظر آئے تھے۔ ان میں سے ایک کم (1984) تھی، جو روڈیارڈ کپلنگ کے ناول پر مبنی تھی اور جس میں پیٹر او ٹول نے اداکاری کی تھی، جبکہ دوسری ششانک گھوش کی رومانٹک کامیڈی فلم خوبصورت (2014) تھی، جس میں انہوں نے سونم کپور اور فواد خان کے ساتھ اداکاری کی تھی۔