ترکی کے مرکزی بینک کی سربراہی اب گولڈمین ساکس کی سابق مینیجنگ ڈائریکٹر حافظے گئے ایرکان کے پاس ہے۔ دریں اثناء بینک آف امریکہ کی سرپرست تنظیم میرل لینچ کے سابق ماہر اقتصادیات مہمت سمسیک کو ترکی کا وزیر خزانہ مقرر کر دیا گیا ہے۔
ترکی کے حال ہی میں دوبارہ منتخب ہونے والے صدر رجب طیب ایردوگان نے وال اسٹریٹ کی ایک سابق ایگزیکٹیو کو ملک کے مرکزی بینک کی سربراہی کے لیے مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایردوگان کے اس اقدام کو برسوں کی بلند افراطِ زر اور گرتی ہوئی لیرا کے قدر کے بعد ترکی کی قدامت پسند اقتصادی پالیسیوں میں ایک ممکنہ تبدیلی کی نشاندہی سمجھا جا رہا ہے۔
ایردوگان نےامریکہ کی مشہور پرنسٹن یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ حافظے گئے ایرکان کو اپنے مرکزی بینک کی نئی گورنر مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ ایرکان ایک امریکی انویسٹمنٹ بینک گولڈمین ساکس میں منیجنگ ڈائریکٹر رہ چکی ہیں اور بعد ازاں انہوں نے 2021 ء میں چھ ماہ سان فرانسسکو میں قائم فرسٹ ریپبلک بینک میں بھی کام کیا، جہاں وہ شریک سی ای او کے عہدے پر فائز تھیں۔ ایردوآن نے ساتھ ہی بینک آف امریکہ کی سرپرست تنظیم میرل لینچ کے سابق ماہر اقتصادیات مہمت سمسیک کو ترکی کا وزیر خزانہ مقرر کر دیا ہے۔