بہار کی راجدھانی پٹنہ میں پیر کی صبح ایک خوفناک واقعہ پیش آیا جہاں بے خوف جرائم پیشہ عناصر نے بی جے پی کے سابق ڈویژنل صدر منا شرما کا گولی مار کر قتل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزمین منا شرما کے ساتھ لوٹ پاٹ کرنا چاہتے تھے لیکن مخالفت کرنے کی وجہ سے انہیں گولی مار دی گئی۔ پولیس نے قتل کا معاملہ درج کرکے جانچ کی کارروائی شروع کر دی ہے۔
واقعہ پٹنہ سیٹی چوک تھانہ کے علاقے کا ہے۔ صبح سویرے حملہ آور منا شرما کے گلے سے چین چھیننے کی کوشش کر رہے تھے جس کی انہوں نے سخت مخالفت کی، اس کے بعد جرائم پیشہ عناصر نے انہیں گولی مار دی اور وہاں سے فرار ہوگئے۔ گولی لگنے سے شدید زخمی ہوئے منا شرما کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا۔ دن دہاڑے قتل کے واقعہ کے بعد مقامی لوگوں میں شدید غصہ و ناراضگی ہے۔