نئی دہلی :معروف مصنف اور سیاستداں ششی تھرور کو منگل کو فرانس میں اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے نوازا گیا۔ تھرور کو فرانسیسی سفارت خانے میں منعقدہ ایک تقریب میں فرانسیسی سینیٹ کے صدر جیرارڈ لارچر نے اپنے باوقار اعزاز ’شیویلئر ڈے لا لیجیئن ڈی آنر‘ سے نوازا۔ فرانسیسی سینیٹ کے اسپیکر لارچر نے کہا کہ ’’ڈاکٹر تھرور فرانس کے سچے دوست بھی ہیں۔‘‘ تھرور ترواننت پورم، کیرالہ سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ہیں اور کئی مشہور کتابوں کے مصنف ہیں۔
ایوارڈ دیتے ہوئے فرانسیسی سینیٹ کے اسپیکر لارچر نے کہا کہ ’’ایک سفارت کار، مصنف اور سیاست دان کے طور پر اپنے ممتاز کیریئر کے ذریعے، ششی تھرور نے ایک ایسی ذہانت کے ساتھ دنیا کو اپنا یا ہے جس کی وجہ سے وہ بیک وقت کئی زندگیاں گزار رہے ہیں۔ وہ ہندوستان اور ایک بہتر دنیا کے لیے خدمت کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ڈاکٹر تھرور فرانس کے ایک سچے دوست بھی ہیں اور وہ فرانسیسی ثقافت کی گہری سمجھ رکھنے والے فرانسیسی زبان داں بھی ہیں۔ مجھے یہ اعزاز دینے کا شرف حاصل ہوا ہے۔ فرانسیسی جمہوریہ آپ کی کامیابیوں، آپ کی دوستی، فرانس کے لیے آپ کی محبت کو تسلیم کرتی ہے۔
یہ اعزاز حاصل کرتے ہوئے ششی تھرور نے کہا کہ وہ شیویلئر ڈے لا لیجئن ڈی آنر (نائٹ آف دی لیجن آف آنر) کا اعزا قبول کرنے پر انتہائی فخر محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’فرانس، اس کے لوگوں، ان کی زبان اور ان کی ثقافت بالخصوص ان کے ادب اور سنیما کی تعریف کرنے والے شخص کے طور پر، میں آپ کے ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے نوازے جانے پر شکر گزار ہوں۔‘‘ تھرور نے کہا کہ ’’میرے خیال میں ایک ہندوستانی کو یہ ایوارڈ دینا فرانس-ہندوستان کے مابین تعلقات کی گہرائی اور گرمجوشی کے تسلسل کا اعتراف ہے جو طویل عرصے سے اس تعلقات کی خصوصیت رہی ہے۔