نئی دہلی: گیتیکا شرما خودکشی معاملہ کے ملزم ہریانہ کے سابق وزیر مملکت برائے داخلہ گوپال کانڈا کو عدالت نے بری کر دیا ہے۔ دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ نے اس معاملے میں منگل کو اپنا فیصلہ سناتے ہوئے ایک اور ملزم ارونا چڈھا کو بھی بری کر دیا۔
خیال رہے کہ 5 اگست 2012 کو گیتیکا شرما جو کہ گوپال کنڈا کی ایئرلائنس میں ایئر ہوسٹس تھی، نے اپنے اشوک وہار واقع گھر میں پھانسی لگا کر خودکشی کر لی تھی۔ سوسائڈ نوٹ میں گیتیکا نے اس قدم کے لیے کانڈا اور اپنی ایم ڈی ایل آر کمپنی میں ایک سینئر منیجر ارونا چڈھا کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔
گیتیکا نے اپنے دو صفحات پر مشتمل سوسائڈ نوٹ میں گوپال کانڈا اور ارونا چڈھا کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے لکھا ’’آج میں خود کو ختم کر رہی ہوں کیونکہ میں اندر سے ٹوٹ گئی ہوں۔ میرا اعتماد توٹ گیا ہے اور مجھ سے دھوکہ کیا گیا۔ دو لوگ گوپال کنڈا اور ارونا چڈھا میری موت کے ذمہ دار ہیں۔ دونوں نے میرا اعتماد توڑا اور مجھے اپنے فائدے کے لیے استعمال کیا۔ ان لوگوں نے میری زندگی برباد کر دی اور اب یہ لوگ میرے خاندان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان دونوں کو اس ظلم کی سزا ملنی چاہیے۔‘‘
اس معاملے میں کانڈا کو 18 ماہ تک جیل میں قید رہنا پڑا۔ مارچ 2014 میں انہیں ضمانت مل گئی۔ گیتیکا کی خودکشی کے تقریباً 6 ماہ بعد گیتیکا کی ماں نے بھی خودکشی کر لی تھی۔ انہوں نے بھی اپنی موت کا ذمہ دار گوپال کانڈا کو ہی ٹھہرایا تھا۔ گوپال کانڈا اس وقت اپنی پارٹی ہریانہ لوک ہت پارٹی سے سرسا سے رکن اسمبلی ہیں۔