پٹنہ(ت ن س)بہارریاستی حج کمیٹی کے چیئر مین الحاج عبدالحق نے اپنے خصوصی پریس اعلانیہ کے ذریعہ مطلع کیاہے کہ عازمین حج کے اعزازمیں حج بھون پٹنہ میں لگاتاردعائیہ نشست کاسلسلہ جاری ہے۔آج کی دعائیہ مجلس میں بحیثیت مہمان خصوصی تشریف لائے ہوئے مولانامفتی محمدثناء الہدیٰ قاسمی نے فرمایاکہ حج سرمایہ سے نہیں ہوتابلکہ بلاوے سے ہوتاہے آپ کے نام دعوت آیاہے تب جارہے ہیں اورجس کے نام دعوت آتاہے وہ مہمان ہوتاہے اوربلانے والامیزبان ۔آپ رب کریم کے معززمہمان ہیں اگرمہمان راستے کی تکلیفوں اورپریشانیوں کوبیان کرتے پھرے تو یہ مہمان کی شایانِ شایان نہیں۔اس لئے آ پ کوعشق کی راہوں میں جو تکلیف ہواسے برداشت کریںاوردشواریوں پرصبرکریں۔آپ نے یہ فرمایاکہ یہ سفرآسان نہیں ہے اس لئے عمرہ ہویاحج ہرحاجی پہلے آسانی کی دعاکرتاہے پھراس کی قبولیت کی۔اس لئے آپ کاذہن بنناچاہئے کہ آپ کوجدہ ایئرپورٹ سے لے کرآپ کی عمارت تک پریشانیاں ہوسکتی ہیں۔ یہ سفر دعاؤں کاسفرہے،آپ کوپہلے سوچناہے کہ کیادعاء مانگنی ہے۔ہرکوئی اپنے اپنے ظرف کے مطابق دعاہ مانگتاہے،آپ اپنے لئے دنیاوآخرت کی بھلائی کے لئے دعاء مانگئے۔ہمارے معاشرے میں دعاء پڑھنے کارواج ہے مانگنے کارواج نہیں ہے۔حدیث شریف میں آیاہے کہ اگررونانہ آئے تورونے کی سی صورت ہی بناؤ۔ انہوں نے فرمایا حج کا سب سے بڑا پیغام یہ ہے کہ ساری اُمت ایک ہے اسے کسی ٹکرے میں بانٹا نہیں جا سکتا ۔ حج ہمارے اند ر کے امتیاز کو مٹا دینے کا بھی دراصل نام ہے۔آج کی دعائیہ نشست میںکثیرتعدادمیں فرزندانِ توحیدشامل تھے۔دعائیہ مجلس کی نظامت مولانا ایوب نظامی قاسمی اور مفتی عبیداللہ قاسمی نے انجام دیا، قرآن مجیدکی تلاوت قاری عبداللہ نے کی اورنعتیہ کلام قاری مجیب الرحمن، امارت شرعیہ پھلواری شریف اور محمد نذر الہدیٰ قاسمی نے پیش کیا۔میڈیاانچارج صغیراحمدنے بتایاکہ فلائٹ نمبر:SG-5313سے سوئے حرم روانہ ہونے والے عازمین کی تعداد89اورعازمات کی تعداد63ہے جنکی مجموعی تعداد152ہے۔ آج کی فلائٹ میںمقدس سفرپرروانہ ہونے والے گیا اورپٹنہ ضلع کے عازمین وعازمات شامل ہیں۔فلائٹ صبح ۸بجے مکہ مکرمہ کے لئے روانہ ہوگی۔