غزہ: حماس نے کہا ہے کہ امریکہ دنیا کا سب سے بڑا منافق اور فلسطین کی آزادی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔حماس نے ایک بیان میں کہا کہ ایک بار پھر امریکہ بین الاقوامی عزم کے سامنے کھڑا ہے اور فلسطین کی آزادی کیلئے ایک قرارداد کو ویٹو کرکے اپنی منافقت کا ثبوت پیش کردیاہے۔12 ممالک کی حمایت کے باوجود اقوام متحدہ میں فلسطین کو مکمل رکنیت دینے کی قرارداد منظور نہیں ہوسکی۔حماس نے کہا کہ واشنگٹن کا ویٹو فیصلہ فلسطینی عوام اور ان کے حق خودارادیت اور ان کی آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کیخلاف اور ناجائز ریاست کی پشت پناہی ہےاور ایسا کرکے غاصب اور فاشسٹ ریاست کے ہاتھوں فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق کو نظرانداز اور غزہ میں نسل کشی کی حمایت کررہا ہے۔ حماس نے قابض ریاست کے حوالے سے متعصب امریکی موقف کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی مرضی سے بالاتر ہو کر ہمارے فلسطینی عوام کی جدوجہد اور ان کے جائز حق خودارادیت کی حمایت کے لئے دبائو ڈالے۔