گنگٹوک: شمالی سکم میں بھاری بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 2000 سے زیادہ ملکی اور غیر ملکی سیاح پھنسے ہوئے ہیں۔ اس بارے میں جانکاری دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ شمالی سکم کے ضلع ہیڈکوارٹر منگن سے چنگ تھانگ جانے والی سڑک پیگونگ سپلائی کھولا پر بند ہے جس کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑا ہے۔ اس کے نتیجے میں 1975 ملکی اور 36 غیر ملکی سیاح لاچین اور لاچنگ کے علاقوں میں ہوٹلوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ یہ مقامات قدرتی حسن کے ساتھ مختلف مقامات کے داخلی راستہ مانے جاتے ہیں۔ غیر ملکی سیاحوں میں سے 23 کا تعلق بنگلہ دیش، 10 کا امریکہ اور 3 کا سنگاپور سے ہے۔ حکام نے بتایا کہ شمالی سکم کے مختلف مقامات پر 345 کاریں اور 11 موٹر سائیکلیں پھنسی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش رکنے کے بعد سڑکوں کی صفائی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔