نئی دہلی :ہماچل پردیش میں ہوئے راجیہ سبھا انتخابات میں کراس ووٹنگ کرنے پر نااہل قرار دیے گئے 6 کانگریس ارکان اسمبلی نے سپریم کورٹ سے اپنی نااہلی کے خلاف درخواست واپس لے لی ہے۔ ان سبھی نے 29 فروری کو اسمبلی اسپیکر کے ذریعے جاری وہپ کی خلاف ورزی کی تھی جس پر اسپیکر نے انہیں نااہل قرار دے دیا تھا۔ نااہلی کے بعد یہ تمام لوگ بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے۔
ان سابق ارکان اسمبلی کی جانب سے سینئر وکیل ابھینو مکھرجی عدالت میں پیش ہوئے اور جسٹس سنجیو کھنّہ اور دیپانکر دتّہ کی بنچ سے کہا کہ تمام 6 درخواست گزار اپنی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔ جس کے بعد بنچ نے انہیں ایسا کرنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں معلوم تھا انتخابات کی وجہ سے ایسا ہونے والا ہے۔ درخواست واپس لینے والے یہ تمام 6 ارکان اسمبلی نااہل ہونے کے بعد بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے اور اب ضمنی انتخابات میں بی جے پی کے ہی امیدوار کے طور پر انتخابی میدان میں ہیں۔ ہماچل پردیش میں لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ہی ان 6 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات کے لیے بھی یکم جون کو ووٹنگ ہوگی۔ اس سے قبل ان سابق ارکان اسمبلی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے 18 مارچ کو ہماچل پردیش اسمبلی اسپیکر کے ذریعے انہیں نااہل قرار دینے کے حکم پر روک لگانے سے انکار کر دیا تھا۔