ملک میں تہواروں کا موسم آ چکا ہے۔ اس لیے تحفظ کو دیکھتے ہوئے اتر پردیش کے ڈی جی پی پرشانت کمار نے ایک سرکلر جاری کیا ہے۔ اس سرکلر کے مطابق اکتوبر اور نومبر مہینہ مییں تہواروں کے پیش نظر یوپی کے پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ساتھ ہی اس مدت میں تحفظ کا پختہ انتظام کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
اتر پردیش میں آئندہ تہواروں دُرگا پوجا، دسہرہ، دیوالی اور چھٹھ پوجا کو دیکھتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں جاری سرکلر کے مطابق 8 اکتوبر سے 8 نومبر تک پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ ہوگئی ہیں۔ اس تعلق سے حکم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ واضح ہو کہ اس سے قبل جمعہ کو وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے لکھنؤ واقع سرکاری رہائش پر ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کی سطح کے افسران کے ساتھ میٹنگ کی تھی۔
میٹنگ میں وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ پولیس کی سبھی یونٹس کے درمیان بہتر رابطہ اور تال میل ہونا چاہیے۔ لاجسٹکس یونٹ، انٹلی جنس یونٹ، ایس آئی ٹی، کرائم، پی آر وی 112 وغیرہ یونٹس بھلے ہی الگ الگ ہیں، لیکن سبھی کا ہدف ایک ہی ہے، ریاست میں بہتر قانونی نظام بنائے رکھنا۔ اس لیے سبھی کے درمیان بہتر تال میل ہونا ضروری ہے۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے اس موقع پر مزید کہا تھا کہ "سینئر افسران وقت پر دفتر آئیں۔ کسی بھی دفتر میں کوئی فائل 3 دن سے زیادہ وقت تک زیر التوا نہ ہو۔ اگر کسی طرح کا مسئلہ ہو تو ڈی جی پی دفتر، محکمہ داخلہ یا سیدھے مجھ سے وقت لے کر مل سکتے ہیں، لیکن فیصلہ نہ لینے کی حالت نہیں ہونی چاہیے۔ فائل پڑی نہیں رہنی چاہیے۔ بہت ساری یونٹس میں فیلڈ وزِٹ بڑھائے جانے کی ضرورت ہے۔