چنئی:ہندوستان نے چنئی ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن ہی بنگلہ دیش کو 280 رنوں سے شکست دیتے ہوئے سیریز میں 0-1 کی سبقت حاصل کر لی ہے۔ ٹیم انڈیا نے بنگلہ دیش کے سامنے جیت کے لیے 515 رنوں کا ہدف رکھا تھا جس کا پیچھا کرتے ہوئے حریف ٹیم لنچ سے قبل ہی 234 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس جیت کے ہیرو آر اشون رہے جنہوں نے دوسری پاری میں 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے ہی مشکل وقت میں پہلی اننگ میں سنچری بنا کر ٹیم انڈیا کی ڈگمگاتی کشتی کو کنارے تک پہنچایا تھا۔
515 رنوں کے بڑے ہدف کا دباؤ بنگلہ دیشی کھلاڑی نہیں جھیل پائے اور میچ کے چوتھے دن جلدی جلدی آؤٹ ہوتے چلے گئے۔ ٹیم کی طرف سے کپتان نجم الحسن شنٹو نے سب سے زیادہ 82 رنوں کی اننگز کھیلی۔ اس سے قبل بنگلہ دیش نے دن کی شروعات 4 وکٹ پر 158 رنوں سے کی اور پہلے سیشن میں 76 رن جوڑ کر باقی 6 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ ہندوستانی اسپن گیند بازوں کا سامنا کرنا بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کے لیے کافی مشکل تھا۔ اشون نے جہاں ایک طرف 6 وکٹ لیے وہیں ان کا اچھا ساتھ دیتے ہوئے رویندر جڈیجہ نے 3 وکٹ جھٹکے۔
اس سے پہلے بنگلہ دیش نے تیسرے روز کے کھیل کے دوران جب 4 وکٹ کے نقصان پر 158 رن بنا لیے تھے تب خراب روشنی کی وجہ سے میچ کو 25 منٹ پہلے ہی روک دیا گیا تھا۔ اس وقت ٹیم کو جیت کے لیے 357 رنوں کی ضرورت تھی، اس کے ہاتھ میں 6 وکٹ تھے اور پورے دو دن کا کھیل باقی تھا۔ کپتان نجم الحسن شنٹو 51 اور شکیب الحسن 5 رن بناکر کریز پر موجود تھے۔ لیکن چوتھے دن بنگلہ دیشی کھلاڑی کوئی مزاحمت نہیں کر سکے اور لنچ سے پہلے ہی پوری ٹیم 234 رنوں پر آؤٹ ہو کر مقابلہ 280 رنوں کے بڑے فرق سے ہار گئی۔