پولیس نے وزارت خارجہ میں کام کرنے والے ایک سرکاری ملازم کو پاکستان کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ دہلی کے مضافاتی شہر غازی آباد کی پولیس نے انٹیلیجنس بیورو (آئی بی) کی معلومات کی بنیاد پر نوین پال نامی شخص کو گرفتار کیا۔
حکام کے مطابق نوین پال بھارتی وزارت خارجہ میں عارضی ملازم کے طور پر کام کرتے تھے۔ ان سے غازی آباد کی پولیس اور آئی بی کے اہلکار ایک ساتھ پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔
نوین پال پر جی 20 کی میٹنگز کی تفصیلات کے ساتھ ہی بعض دیگر خفیہ معلومات بھی پاکستان میں ایک نامعلوم شخص کے ساتھ شیئر کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس تعلق سے بھارتی ذرائع ابلاغ میں سرکاری حکام کے حوالے سے جو خبریں شائع ہوئی ہیں، اس کے مطابق مذکورہ شخص نے مبینہ طور پر کراچی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کے ساتھ واٹس ایپ پر خفیہ معلومات شیئر کیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون کے واٹس ایپ اکاؤنٹ سے منسلک ورچوئل فون نمبر بھارتی ریاست یو پی کے ضلع بریلی کا معلوم ہوتا تھا، لیکن جب اس کی تفتیش کی گئی تو اس کے آئی پی ایڈریس کا سراغ پاکستان کے شہر کراچی سے نکلا۔
وزارت خارجہ کے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر بھارت سے متعلق، ”متعدد خفیہ معلومات، اہم دستاویزات اور جی 20 سے متعلق ہونے والی میٹنگز کی تفصیلات واٹس ایپ کے ذریعے کراچی میں ایک شخص کے ساتھ شیئر کیں۔” انہوں نے مزید بتایا کہ نوین پال کے فون سے برآمد ہونے والے دستاویزات ایک ”خفیہ” نام کی فائل میں موجود تھے۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ریاست راجستھان سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے یو پی آئی پلیٹ فارم سے مسٹر پال کے ساتھ کچھ مالی لین دین بھی کیا اور تفتیشی ایجنسی اس خاتون کو بھی تلاش کر رہی ہے۔