نئی دہلی :حکومت ہند خصوصاً وزارت اقلیتی امور، حج کمیٹی آف انڈیا اور قونصلیٹ جنرل آف انڈیا کی مشترکہ کوششوں سے حج 2024 میں تمام ہندوستانی حجاج تاریخ میں پہلی مرتبہ مدینہ منورہ میں مرکزیہ یعنی مسجد نبویؐ سے صرف دو سو میٹر کی دوری پر قیام کریں گے جبکہ مقاما ت مقدسہ میں دوسرے ،تیسرے اور چوتھے ریجنل زون میں قیام کریں گے- ان خیالات کا اظہار حج کمیٹی آف انڈیا کے سی۔ ای۔ او ڈاکٹر لیاقت علی آفاقی آئی، آر، ایس نے دو روزہ ٹریننگ برائے خادم الحجاج پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر آفاقی نے ملک کی مختلف ریاستوں سے آئے تقریباً 700 خادم الحجاج اور ریاستی حج کمیٹیوں کے ایکزیکیٹو آفیسران کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امسال ایک بھی ہندوستانی عازمِ حج حدود منیٰ کے باہر قیام نہیں کرے گا۔ اس موقع پر ٹریننگ پروگرام کے مہمان خصوصی اور وزارت اقلیتی امور میں سکریٹری شری کے سری نواس جی نے کہا کہ یقیناً آپ لوگوں نے کوئی مبارک اور اصلاحی کام کیا ہے جس کی وجہ سے آپ کو حجاج کرام کی خدمت کا موقع ملا ہے۔ اور یہ بات بھی فخر کے لیے کافی ہے کہ آپ تقریباً دو ماہ تک ملک کے سرکاری نمائندے کے طور پر مملکتِ سعودیہ میں خدمت کریں گے۔ مجھے امید ہے کہ ماضی کی طرح آپ بھی اپنے اور پڑوسی حجاج کی خدمت کر کے ملک کا جھنڈا بلند کریں گے۔وزارت اقلیتی امور میں جوائنٹ سیکرٹری ، ماہرِ امور حج اور سویدھا ایپ کے وجود میں مرکزی کردار نبھانے والے سی۔پی۔ایس بخشی جی نے کہ اگر آپ لوگ سویدھا ایپ کو آچھی طرح سمجھ لیں اور حاجیوں کو سمجھا دیں تو یقین جانئیے نوے فیصد دشواریاں خود بخود ختم ہو جائیں گی۔ لہذا ترجیحاتی بنیاد پر سویدھا ایپ کو سمجھئے اور ججاج دشواریوں سے محفوظ رہیں۔ قونصلر جنرل آف انڈیا شاہد عالم نے بہت تفصیل سے خدام الحجاج کو اُن کی ذمہ داریاں ، حجاج کی ممکنہ تکلیفیں اور اُن کا حل بتاتے ہوئے کہا کہ آپ کتنے خوش نصیب ہیں کہ حجاج کی تکلیفوں کو دور کرنے کے لیے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کتنے بدنصیب ہیں وہ افراد جنکی کوتاہی اور غفلت کی وجہ سے حجاج تکلیف میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔
اس دو روزہ ٹریننگ پروگرام میں امین خاں آئی، آر، ایس نے بہت تفصیل سے سویدھا ایپ کی خوبیاں اور اُن کا استعمال بتایا۔ سعودی ائیر لانز ، اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے نمائندوں نے اپنی اپنی ایجنسیز کی خدمات بیان کیں۔ اس دو روزہ تربیتی پروگرام میں علمائے کرام، طبی ماہرین اور اکابرین ملت نے بھی شرکت کی۔ پروگرا م کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، اور نظامت نظیم احمد، ڈپٹی چیف ایکزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا اور شری محمد غوث نے کی۔