مغربی بنگال کے آر جی کر میڈیکل کالج میں ایک جونیئر ڈاکٹر کے ساتھ مبینہ عصمت دری اور قتل کے خلاف احتجاج زور پکڑ رہا ہے۔ آل انڈیا میڈیکل ایسوسی ایشنز فیڈریشن (فیما) نے اس واقعے کے خلاف ملک گیر بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے جو 9 اکتوبر کو شروع ہوگی۔یہ احتجاج 9 اگست کو پیش آئے ایک سنگین واقعے کے بعد شروع ہوا جس میں مغربی بنگال کے آر جی کر میڈیکل کالج میں ایک ٹرینی ڈاکٹر کے ساتھ مبینہ عصمت دری اور قتل کا واقعہ سامنے آیا تھا۔ اس واقعے نے نہ صرف مغربی بنگال بلکہ ملک بھر میں ڈاکٹروں کے حلقوں میں شدید غم و غصہ پیدا کیا ہے۔فیما کے صدر سوورنکر دتہ نے کہا کہ وہ مغربی بنگال جونیئر ڈاکٹروں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں اور ملک گیر احتجاج کا حصہ بن کر اپنے ساتھیوں سے یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔
سوورنکر دتہ نے مزید کہا کہ اس بھوک ہڑتال کا مقصد متاثرہ ڈاکٹر کے لیے انصاف کا مطالبہ اور ڈاکٹروں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ تنظیم نے احتجاجی ہڑتال کو ملک بھر میں پھیلانے کا فیصلہ کیا تاکہ اس سنگین مسئلے کو اجاگر کیا جا سکے اور حکومت کو مناسب کارروائی کرنے پر مجبور کیا جا سکے۔
ڈاکٹرز یونین نے ایک اجلاس میں فیصلہ کیا کہ بھوک ہڑتال بدھ کے روز شروع ہوگی، جس میں ملک بھر کے ڈاکٹروں سے شرکت کی توقع کی جا رہی ہے۔ اس احتجاج میں مختلف طبی اداروں کے ڈاکٹرز اور طبی ماہرین کی بھرپور حمایت حاصل ہو رہی ہے۔