نئی دہلی :سپریم کورٹ میں آج ملک بھر سے سی اے اے کے خلاف دائر 200 سے زیادہ درخواستوں پر سماعت شروع ہوئی۔ فی الحال سپریم کورٹ نے سی اے اے پر کسی قسم کی پابندی لگانے سے انکار کر دیا ہے۔ عدالت نے مرکزی حکومت سے سی اے اے پر تین ہفتوں کے اندر جواب طلب کیا ہے۔ سماعت کے دوران، سی جے آئی نے مرکزی حکومت سے پوچھا کہ انہیں نوٹیفکیشن پر پابندی کی درخواست کا جواب دینے کے لیے کتنا وقت درکار ہے۔ جس پر مرکز کی جانب سے پیش ہونے والے سالیسٹر جنرل نے 4 ہفتے کا وقت مانگا تھا۔ تاہم عدالت نے مرکز کو اپنا جواب داخل کرنے کے لیے تین ہفتے کا وقت دیا ہے، اب اس معاملے کی اگلی سماعت 9 اپریل کو ہوگی۔
درخواست گزاروں میں سے ایک کی طرف سے وکیل کپل سبل نے مرکز کو وقت دینے کی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ سی اے اے چار سال سے نافذ ہے۔ ایک بار لوگوں کو شہریت مل جائے تو اسے واپس کرنا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد یہ درخواستیں بے اثر ہو جائیں گی۔ کپل سبل نے کہا کہ اس نوٹیفکیشن کا انتظار کیا جا سکتا ہے۔ ہم وقت کے خلاف احتجاج نہیں کر رہے، چار سال بعد کیا عجلت ہے؟ اس کے ساتھ ہی کپل سبل نے عدالت سے نوٹیفکیشن پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا۔