نئی دہلی :لوک سبھا کی کارروائی جمعرات (21 دسمبر) کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی ہو گئی ۔ لوک سبھا کا سرمائی اجلاس 4 دسمبر کو شروع ہوا تھا اور یہ جمعہ یعنی 22 دسمبر تک چلنا تھا، لیکن کارروائی ایک دن قبل ہی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔جب لوک سبھا کی کاروائی ملتوی ہوئی تب ایوان میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سمیت کئی مرکزی وزراء اور سیاسی پارٹیوں کے لیڈران موجود تھے۔
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے لوک سبھا کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس اجلاس میں 14 میٹنگیں ہوئیں جو 61 گھنٹے 50 منٹ تک چلیں۔ اس دوران 12 سرکاری بل از سر نو پیش کیے گئے۔ مجموعی طور پر 18 سرکاری بل بحث کے بعد پاس کیے گئے۔‘‘ سرمائی اجلاس کے دوران لوک سبھا نے 12 دسمبر کو رواں مالی سال میں 58378 کروڑ روپے کے شفاف اضافی خرچ کو منظوری فراہم کر دی جس میں ایک بڑا حصہ منریگا منصوبہ اور فرٹیلائزر کے لیے سبسیڈی پر دیا جائے گا۔ برلا نے بتایا کہ اجلاس کے دوران اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی 35 رپورٹس پیش کی گئیں۔