رانچی: جھارکھنڈ میں کانسٹیبل بھرتی کی دوڑ کے دوران 12 امیدواروں کی جان چلی جانے کے بعد ریاستی حکومت نے اس معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے بڑا قدم اٹھایا ہے۔ ریاست کی ہیمنت سورین حکومت نے کانسٹیبل بھرتی کے عمل میں تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد اب امیدواروں کو 10 کلومیٹر دوڑنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
پہلے امیدواروں کو 60 منٹ کے اندر 10 کلومیٹر کی دوڑ پوری کرنی ہوتی تھی، جس کی وجہ سے کئی امیدوار ریس مکمل کرنے سے پہلے ہی دم توڑ دیتے تھے۔ اس سلسلے میں محکمہ پولیس اب فاصلہ اور وقت دونوں کم کرنے جا رہا ہے۔ محکمہ پولیس نے حکومت کے سامنے دو متبادل پیش کیے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق محکمہ پولیس اب کانسٹیبل بھرتی کے لیے 5 سے 6 منٹ میں 1.5 کلومیٹر یا 5 کلومیٹر کی دوڑ 25 منٹ میں پوری کرنے کا معیار طے کرنے جا رہا ہے یعنی اب امیدواروں کو 10 کلومیٹر کی دوڑ پوری کرنے سے راحت مل جائے گی۔ جھارکھنڈ پولیس کے ایک ڈی آئی جی رینک کے افسر نے جانکاری دی کہ حکومت کو ان دونوں متبادل کے بارے میں بتایا گیا ہے اور اس تبدیلی پر آنے والے امتحانات اور بھرتی میں عمل درآمد کیا جائے گا۔