سری نگر: نیشنل کانفرنس نے جموں وکشمیر بھر میں قہرانگیز بارشوں، بادل پھٹنے اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں ہوئے مالی اور جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرین کی فوری بازآبادکاری اور امدادکاری کے لئے اقدامات اٹھائیں۔ پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حکومت پر زور دیا ہے کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں اور ایسے علاقوں سے آبادیوں کا انخلاء پہلے ہی ممکن بنایا جائے جہاں سیلاب آنے کا خطرہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو گزشتہ دو روز سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے اُن کے قیام و طعام کا بندوست کیا جائے۔ اس کے علاوہ فوری طور پر ٹیمیں تشکیل دیکر نقصانات کا تخمینہ لگاکر متاثرین کی امداد کی جائے اور ساتھ ہی جن لوگوں کے مکانات، میوہ باغات اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے اُن کی مالی معاونت کی جائے اور لقمہ اجل بنے افراد کے لواحقین کے حق میں بھر پور ایکس گریشیا ریلیف فراہم کی جائے اور زخمی ہوئے افراد کو بہتر سے بہتر علاج و معالجہ فراہم کیا جائے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ وادی سمیت خطہ پیر پنچال اور چناب میں بھی کئی مقامات پر موسم کی قہرسامانیوں سے زبردست نقصان پہنچا ہے، کئی لوگوں کے مکانات ڈھہ گئے ہیں اور بہت سارے مکانات شگاف پڑھنے سے ناقابل رہائش ہوگئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ جن لوگوں کے مکان قابل رہائش نہیں رہے ہیں اُن کے قیام و طعام کا بندوبست فوری طور پر کرایا جائے تاکہ ان متاثرین کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے انتظامیہ سے اس بات پر بھی زور دیا کہ سرینگر جموں قومی شاہراہ کےساتھ ساتھ اُن سڑکوں کو بھی فوری طور پر قابل آمد و رفت بنایا جائے، جو بارشوں اور سیلابی ریلوں ناقابل آمدو رفت بن گئیں۔