ممبئی: بالی ووڈ کے تجربہ کار اداکار سنجے دت نے بدھ کے روز ملکہ جذبات مینا کماری اور فلمساز کمال امروہی کی دل کو چھو لینے والی داستان محبت کی ایک جھلک شیئر کی، جو جلد ہی سدھارتھ پی ملہوترا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم میں دکھائی جائے گی۔اس فلم میں ان کے 20 سالہ سفر کی نمائش کی جائے گی، جس کا اختتام 1972 کے شاہکار ‘پاکیزہ’ پر ہوگا، جس میں راج کمار اور نادرہ بھی ہیں۔
سنجے دت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘انسٹاگرام’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے فلم کا ایک ٹیزر شیئر کیا، جس کا آغاز مینا کماری کی تصاویر والے خط اور پس منظر میں دو آوازوں سے ہوتا ہے، جن میں سے ایک خاتون اور ایک مرد کی آواز ہے، ’’میرے ادیب، میرے میرشاہ، میرے شہزادے، میری رباعی، میرے چندن پیارے، میری منجو۔‘‘جبکہ گرافکس میں لکھا نظر آتا ہے، ’’ایک فلمساز، ایک محرک، ان کی شاندار محبت کی کہانی، ایک خواب جس نے مرنے سے انکار کر دیا، ایک محبت جو قبر سے بھی آگے نکل گئی، کمال اور مینا۔‘‘
سال 1972 کی فلم پاکیزہ کا مشہور گانا ‘چلتے چلتے، یوں ہی کوئی مل گیا تھا’ پس منظر میں بجتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ سنجے دت نے اپنی پوسٹ نے کیپشن میں لکھا، ’’پیارے ساچی اور بلال، آپ کے نئے منصوبے کے لیے نیک تمنائیں، یہ کامیاب رہے! سنجے مامو کی طرف سے ہمیشہ محبت، ایک بار ضرور دیکھیں۔