حیدرآباد ; پردیش کانگریس کمیٹی نے 17 ستمبر کو حیدرآباد میں اجلاس کے لئے گچی باؤلی اسٹیڈیم کا انتخاب کیا ہے اور اجازت کیلئے درخواست داخل کی گئی۔ 16 اور 17 ستمبر کو حیدرآباد میں نوتشکیل شدہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کااجلاس اور انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے جنرل سکریٹری اے آئی سی سی تنظیمی امور کے سی وینو گوپال آج حیدرآباد پہنچے۔ انہوں نے پارٹی کے سینئر قائدین کے ساتھ گچی باؤلی اسٹیڈیم کا معائنہ کیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے بتایا کہ 17 ستمبر کے جلسہ عام کیلئے پریڈ گراؤنڈ اور لال بہادر اسٹیڈیم کیلئے اجازت طلب کی گئی ہے لیکن حکومت کی -جانب سے تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا لہذا پارٹی نے متبادل کے طور پر گچی باؤلی اسٹیڈیم کا انتخاب کیا ہے
روزنامہ سیاست کی خبر کے مطابق انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، ومشی چند ریڈی، وسنت کمار، انجن کمار یادو، پی سرینواس ریڈی اور دیگر قائدین کے ہمراہ کے سی وینوگوپال نے گچی باؤلی اسٹیڈیم کا معائنہ کرتے ہوئے جلسہ عام کے سلسلہ میں تجاویز پیش کی۔کانگریس پارٹی جلسہ عام میں 5 تا 10 لاکھ افراد کی شرکت کو یقینی بنانا چاہتی ہے۔حیدرآباد پہنچنے پر سینئر قائدین نے کے سی وینوگوپال کا شمس آباد ایر پورٹ پر استقبال کیا اور انہیں ورکنگ کمیٹی اجلاس کی تیاریوں سے واقف کرایا۔ کے سی وینو گوپال نے پارٹی کے سینئر قائدین سے مشاورت کرتے ہوئے دو روزہ پروگرام کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو یہ اعزاز حاصل ہورہا ہے کہ ورکنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس حیدرآباد میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 16 ستمبر کو ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوگا جبکہ 17 ستمبر کو ورکنگ کمیٹی کے توسیعی اجلاس کے بعد جلسہ عام ہوگا جس میں تلنگانہ عوام کیلئے کانگریس کی جانب سے 5 ضمانتوں کو جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام قومی قائدین دو دن تک حیدرآباد میں رہیں گے۔ 18 ستمبر کو سینئر قائدین اسمبلی حلقہ جات میں ورکرس اور عوام سے ملاقات کریں گے۔ کے سی وینو گوپال نے تلنگانہ کانگریس قائدین کی جانب سے تیاریوں پراطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے جلسہ عام کے مقام کے بارے میں جلد تعین کرنے کی خواہش کی۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے 17 ستمبر کو پریڈ گراؤنڈ پر حیدرآباد لبریشن ڈے منانے کا اعلان کیا ہے اور پریڈ گراؤنڈ ڈیفنس کی اراضی ہے لہذا کانگریس کو جلسہ کی اجازت ملنا دشوار ہے۔ لہذا کانگریس نے لال بہادر اسٹیڈیم اور گچی باؤلی اسٹیڈیم کو متبادل کے طور پر منتخب کیا ہے۔ تلنگانہ اسمبلی انتخابات کی کانگریس کی مہم کے آغاز کیلئے حیدرآباد میں ورکنگ کمیٹی اجلاس منعقد کیا جارہا ہے۔