دھار: کسی بھی لیڈر کا نام لیے بغیر وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ انڈیا اتحاد میں شامل اور چارہ گھپلے میں سزا کاٹ رہے ایک لیڈر نے مسلمانوں کے لیے ریزرویشن کے معاملہ کی حمایت کرکے اتحاد کے ارادوں کا اظہار کیا ہے۔مدھیہ پردیش کے دھار میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حمایت میں منعقدہ انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ جانوروں کا چارہ کھانے والے لیڈر کا تازہ ترین بیان آیا ہے۔ اس لیڈر کو چارہ گھپلے میں سزا ہوئی ہے۔ ایسے لیڈر نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو مکمل ریزرویشن ملنا چاہئے۔ اس بیان کے تناظر میں مودی نے کانگریس اور انڈیا اتحاد پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے شروع سے ہی آئین کے معمار ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی مخالفت کی تھی اور اب یہ لوگ ڈاکٹر امبیڈکر کے بنائے ہوئے آئین کے خلاف بھی جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب تک وہ زندہ ہیں ملک کے بنیادی کلچر کو تبدیل نہیں ہونے دیں گے۔ یہ مودی کی گارنٹی ہے کہ اس ہزاروں سال پرانے ملک کی اصل ثقافت کو کسی بھی قیمت پر تبدیل نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر ریزرویشن صرف مسلمانوں کو دینا تھا تو کانگریس نے 1947 میں ملک کو کیوں تقسیم کیا؟ مادر وطن کے بازو کیوں کاٹے گئے؟ اگر یہی سب کچھ ہونا تھا تو اس ملک کا بنیادی کلچر اسی وقت کیوں نہیں بدلا گیا۔ مودی نے دہرایا کہ لیکن جب تک وہ ہیں، اس ملک کی بنیادی ثقافت کو تبدیل نہیں ہونے دیا جائے گا۔