نوبل امن انعام یافتہ محمد یونس نے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ کے طور پر حلف اٹھا لیا ہے۔ 84 سالہ یونس نے جمعرات کی رات ڈھاکہ میں ایک تقریب کے دوران حلف اٹھایا۔ خیال رہے کہ طلباء کی زیرقیادت احتجاجی مظاہروں نے وزیر اعظم شیخ حسینہ کو استعفیٰ دینے اور پڑوسی ملک ہندوستان میں پناہ لینے ہونے پر مجبور کر دیا تھا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے نوبل انعام یافہ پروفیسر محمد یونس کو بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ کے طور پر حلف لینے پر مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے ایکس پر لکھا، ’’پروفیسر محمد یونس کو ان کی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر میری نیک خواہشات۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ہندوؤں اور دیگر تمام اقلیتی برادریوں کی حفاظت اور تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے معمولات جلد بحال ہوں گے۔ ہندوستان بنگلہ دیش کے ساتھ امن، سلامتی اور ترقی کے لیے دونوں طرف کے لوگوں کی مشترکہ امنگوں کو پورا کرنے کے لئے کام کرنے کو پرعزم ہے۔