پونے: مہاراشٹر کے بلڈھانہ ضلع میں جمعہ کی دیر رات ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا۔ ناگپور سے ممبئی کی طرف جارہی بس بلڈھانہ کے سندھ کھیڈ میں راجہ شہر کے نزدیک سمردھی مہامارگ ایکسپریس وے پر حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے کے بعد سٹی لنک ٹریولز کی بس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ بس مکمل طور پر خاکستر ہوگئی۔ اس حادثے میں 26 مسافروں کی موت ہو گئی ہے۔ فی الحال فائر بریگیڈ کی ٹیم نے بس میں لگی آگ پر قابو پالیا ہے۔
بلڈھانہ کے ایس پی سنیل کڑاسین نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق، بس کا ٹائر اچانک پھٹ گیا، جس کے بعد ڈرائیور بس پر سے کنٹرول کھو بیٹھا، جس کے بعد بس ایک کھمبے سے ٹکرا گئی۔ اس کے بعد یہ ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی جس سے فوراً آگ لگ گئی۔ لوگوں کو بس سے اترنے کا موقع نہیں مل سکا۔ کسی طرح صرف چند لوگ ہی بس سے باہر نکل سکے۔
بلڈھانہ کے ایس پی سنیل کداسینر نے بتایا کہ حادثہ دیر رات تقریباً 2 بجے پیش آیا۔ حادثے کے وقت بس میں 32 افراد سوار تھے، جن میں سے 26 افراد کی موت ہو گئی، جب کہ 8 افراد شدید زخمی ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ بس کا ڈرائیور محفوظ ہے۔ حادثے کی وجہ سے سڑک پر ٹریفک متاثر ہو گئی۔ فی الحال، ٹریفک پولیس جلد از جلد ایکسپریس وے کو دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
دوسری طرف، مہاراشٹر کے اکولا میں بھی رات دیر گئے ایک بس حادثہ پیش آیا۔ پونے جا رہی بس اکولا کے اکوٹ شیگاؤں روڈ پر اچانک الٹ گئی۔ اس حادثے میں 15 مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے بعد افراتفری مچ گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال اور اکولا کے پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا۔