یروشلم : اسرائیلی حکام نے یروشلم میں واقع مسجدِ اقصیٰ کو مسلمانوں کے لیے بند کر دیا ہے جبکہ یہودیوں کو ممانعت کے باوجود عبادات کرنے کی اجازت دے دی ہے۔عرب میڈیا رپورٹ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 اکتوبر کو اسرائیلی حملوں کے بعد سے مسجد اقصیٰ میں نماز بالخصوص نماز جمعہ مشکل ہوگئی ہے، نمازیوں کو مسجد آنے سے روکنے کیلئے اسرائیلی پولیس نے سڑکیں بلاک کردیں۔عرب میڈیا کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی جگہ جگہ رکاوٹیں لگائی گئی ہیں، مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی نمازیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں سے فلسطینی مسجد کے قریب جمع ہو کرسڑکوں پر نماز ادا کررہے ہیں۔
فلسطینی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکام نے مسلمانوں کے لیے مسجدِ اقصیٰ کے تمام دروازے عارضی طور پر بند کر دیے تاہم یہودیوں کو اپنی عبادات کرنے کی مکمل اجازت دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کے محکمہ اسلامی اوقاف نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے، جس کا انتظامی کنٹرول اردن کے پاس ہے۔محکمہ اسلامی اوقاف کے مطابق اسرائیلی پولیس افسروں نے قلعہ بند مسجد کے تمام دروازے اچانک بند کرنا شروع کر دیئے۔