حیدرآباد:غیرقانونی طور پر اڑائے جانے والے ڈرونس کو پکڑنے کے لیے تلنگانہ پولیس نے ایک نیا اسکواڈ بنا یا ہے۔ یہ کوئی پولیس یا نشانہ بازوں کا اسکواڈ نہیں بلکہ عقابوں کا اسکواڈ ہے، جسے ’ایگل‘ اسکواڈ کا نام دیا گیا ہے۔ اس اسکواڈ میں تربیت یافتہ عقابوں کو شامل کیا گیا ہے جو مشکوک اور غیرقانونی طور پر اڑائے جانے والے ڈرونس کو پکڑیں گے۔
تربیت کے بعد ان عقابوں کے ذریعے ڈرونس کو پکڑنے کا کامیاب مظاہرہ کیا گیا جس کی ویڈیو جاری کی گئی ہے۔ عقابوں کو ڈرون پکڑنے کی تربیت کچھ پیشہ ورماہرین کے ذریعے دی گئی ہے۔ فی الوقت تین عقابوں کو یہ تربیت دی گئی ہے۔ تینوں عقابوں نے تلنگانہ پولیس کے اعلی عہدیداران بشمول ڈی جی پی کی موجودگی میں فضا میں اڑنے والے ڈرونس کو پکڑنے کا کامیاب مظاہرہ کیا۔ اس ایگل اسکواڈ کے قیام کا مقصد اہم ترین شخصیات کے دورہ اور عوامی پروگراموں کے دوران غیرقانونی ڈرونس کو روکنا ہے۔