پٹنہ : جمعرات کو بہار اسمبلی میں ایک عجیب منظر دیکھنے کو ملا۔ وزیراعلی نتیش کمار اچانک سابق وزیراعلی جیتن رام مانجھی پر برس پڑے اور انہیں جم کر کھری کھوٹی سنائی۔ دراصل یہ واقعہ ریزرویشن ترمیمی ایکٹ میں کی گئی ترمیم پر بحث کے دوران پیش آیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جیتن رام مانجھی، جو بہار کے سابق وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں، بول رہے تھے۔ بل پر بحث کے دوران سابق وزیراعلی جیتن رام مانجھی نے کہا کہ مجھے بہار میں ہونے والی ذات پات پر مبنی مردم شماری پر بھروسہ نہیں ہے۔مانجھی نے کہا کہ ریزرویشن پر ہر 10 سال بعد جائزہ کی بات کہی گئی ہے، لیکن کیا بہار حکومت نے ریزرویشن کا جائزہ لیا ہے؟ حکومت کو دیکھنا چاہئے کہ زمینی سطح پر ریزرویشن کی کیا حالت ہے؟ جیتن رام مانجھی کے سوال پر وزیراعلی نتیش کمار ناراض ہوگئے اور انہیںجم کر کھری کھوٹی سنائی۔ نتیش کمار نے اپنی تقریر میں مانجھی کو کافی کچھ کہہ ڈالا ۔ انہوں نے کہا کہ جیتن رام مانجھی گورنر بننے کے لئے بی جے پی کے آگے پیھچے گھوم رہے ہیں۔نتیش کمار نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ! انہیں گورنر بنا دیجئے۔ وزیراعلی نتیش کمار نے کہا کہ میری حماقت کی وجہ سے جیتن رام مانجھی وزیر اعلیٰ بنے۔ انہیں وزیراعلیٰ کس نے بنایا؟ وجے چودھری نے بار بار وزیراعلیٰ کو بٹھانے کی کوشش کی لیکن نتیش کمار نے کہا کہ کیا اس شخص کو کوئی اندازہ ہے، ہم نے اسے وزیراعلیٰ بنایا تھا۔ وہ کہتے رہتے ہیں، وہ وزیراعلیٰ تھے، یہ کیا وزیراعلیٰ تھے۔نتیش کمار کی جانب سے استعمال کی گئی زبان سن کر ایوان کے ارکان بھی چونک گئے تھے ۔