پٹنہ :بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور راجیہ سبھا رکن سشیل کمار مودی نے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار پر بڑا حملہ بولا ہے ۔ نتیش کمار کے دوبارہ این ڈی اے میں شامل ہونے کی خبروں کے درمیان سشیل مودی نے کہا کہ بہار میں نتیش کمار اگر این ڈی اے کے ساتھ آنا بھی چاہیں تو بی جے پی اس کیلئے تیار نہیں ہے ۔ بی جے پی نے وزیراعلی نتیش کمار کیلئے سبھی دروازے بند کر رکھے ہیں ۔
سشیل مودی نے کہا کہ نتیش کمار چاہیں تو ناک بھی رگڑ لیں، لیکن ان کو این ڈی اے میں انٹری نہیں ملے گی ۔ ووٹ منتقل کرنے کی ان کی صلاحیت ختم ہوچکی ہے ۔ وہ خود اپنی پارٹی کیلئے ایک بوجھ بن گئے ہیں ۔ نتیش کمار گھبراہٹ میں تیرہ چودہ سال میں پہلی مرتبہ ایک ایک ممبر اسمبلی کو بلاکر بات کررہے ہیں اور پارٹی لیڈروں کے ساتھ میٹنگیں کررہے ہیں ۔سشیل مودی نے کہا کہ نتیش کمار اب تیجسوی یادو کو بہار کے وزیراعلی کے طور پر تسلیم کرنے کیلئے تیار ہیں، اس لئے سب سے ملاقاتیں کر رہے ہیں، کیونکہ جانتے ہیں کہ پارٹی میں ناراضگی بڑھتی جارہی ہے ۔ ایسے میں پارٹی میں توڑپھوڑ نہ ہوجائے، اس لئے کوششیں کررہے ہیں ۔
نتیش کمار نے کچھ دنوں پہلے ہی پارٹی کے سبھی ممبران پارلیمنٹ اور ممبران اسمبلی سے ملاقات کی تھی ، جس کی کافی بحث ہوئی تھی ۔ اب نتیش کمار نے اسی ملاقات کے سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے اتوار سے پارٹی کے لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے سابق ممبران کے ساتھ ساتھ سابق ممبران اسمبلی اور سابق ودھان پارشدوں کو بھی اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ایک ایک کرکے ملاقات کیلئے بلایا ہے ۔ ان ملاقات کو لے کر بہار میں سیاسی ہلچل بھی تیز ہوگئی ہے۔