بھونیشور: اڈیشہ پولیس کرائم برانچ کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے پاکستانی خفیہ ایجنسی کو او ٹی پی شیئر کرنے کے سلسلے میں پونے سے ایک اور شخص کو گرفتار کیا ہے۔ ایس ٹی ایف ذرائع نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ ابھیجیت سنجے جمبورے کو مہاراشٹر کے پونے سے 29 جون کو گرفتار کیا گیا۔ اسے پونے کی ایک مقامی عدالت میں پیش کیا گیا اور تین دن کے ٹرانزٹ پر بھونیشور لایا گیا۔ اسے ہفتہ کو بھونیشور کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اس سے قبل بھونیشور کی عدالت نے ان کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا تھا۔
ابھیجیت شماریات میں پوسٹ گریجویٹ ہے اور وہ مہاراشٹر کے ستارہ ضلع کا رہنے والا ہے۔ وہ اس وقت پونے میں وپرو سافٹ ویئر کمپنی میں ملازم تھا اور ایک طویل عرصے سے پاکستانی فوج کی انٹیلی جنس ایجنسی کے دو افسران کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ سال 2018 میں ابھیجیت کی ملاقات فیس بک میسنجر کے ذریعے خانکی، فیصل آباد، پاکستان کے سید دانش علی نقوی سے ہوئی۔ اس نے اپنا تعارف ایک امریکی تعلیمی ٹیکنالوجی کمپنی "چیگ” میں بطور فری لانس کرایا۔ ابھیجیت نے اپنی چیگ یوزر آئی ڈی اور پاس ورڈ دانش کے ساتھ شیئر کیا تھا۔ اس سے حاصل ہونے والی رقم ہندوستان میں ابھیجیت کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی گئی۔
بعد ازاں دانش نے ابھیجیت کو پاکستان کے کراچی کے رہائشی اپنے دوست خرام عرف عبد الحامد سے ملوایا۔ خرم پاکستانی فوج کا ایک سینئر انٹیلی جنس افسر ہے جس کا ہندوستان میں ایجنٹوں کا ایک بڑا نیٹ ورک ہے۔ ایس ٹی ایف نے اس سے قبل اس کیس میں پانچ ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔