نئی دہلی :2000 روپے کے نوٹ بند ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے 1000 روپے کے نوٹ کی واپسی کے بارے میں قیاس آرائیاں کی ہیں۔ لوگوں نے دعویٰ کیا ہے کہ 2000 روپے کے نوٹوں کو ختم کرنے کے بعد جلد ہی 1000 روپے کی نوٹ کرنسی سسٹم میں داخل ہو جائے گی۔ تاہم، اس پر ریزرو بینک آف انڈیانے ان کے دعووں پر یہ کہہ کر پانی پھیر دیا ہے کہ 1000 روپے کے نوٹ کو دوبارہ متعارف کرانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ اور نہ ہی اس حوالے سے مستقبل کا کوئی منصوبہ ہے۔
ریزرو بینک نے واضح کیا ہے کہ معیشت میں نقدی کی ضرورت کے مطابق 500 روپے کے کافی نوٹ چل رہے ہیں۔ ڈیجیٹل لین دین بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے اس لیے نقد رقم کی ضرورت کم ہوگی۔ اس وقت سسٹم میں اتنی نقدی ہے جتنی ضرورت ہے۔ ریزرو بینک نے لوگوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں کا شکار نہ ہوں اور کرنسی کے بارے میں باخبر رہیں۔ریزرو بینک نے 2000 روپے کے نوٹوں کو چلن سے نکال دیا ہے، جو 30 ستمبر سے ختم ہو چکے ہیں۔ تاہم 30 ستمبر کی آخری تاریخ کے بعد بھی 2000 روپے کے نوٹ بدلنے کا آپشن برقرار ہے۔ جن کے پاس فی الحال 2000 روپے کی کرنسی ہے وہ ریزرو بینک کے علاقائی دفتر میں جا کر نوٹ بدلوا سکتے ہیں۔ آر بی آئی کے ملک بھر میں 19 علاقائی دفاتر ہیں۔