نئی دہلی :اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی آج (4 جولائی) اچانک دہلی کے جی ٹی بی نگر پر پہنچ کر وہاں مزدوروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے زمین پر بیٹھ کرمزدوروں سے ان کے مسائل بھی سنے اور ان کے ساتھ کام بھی کیے۔ راہل گاندھی کی مزدوروں سے ملاقات کی ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو میں راہل گاندھی مزدروں کے ساتھ زمین پر بیٹھ کر ان سے بات چیت کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
مزدوروں سے راہل گاندھی کی ملاقات کی تصاویر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ کچھ لوگوں کے ساتھ زمین پر بیٹھے ہیں اور ان کے ارد گرد مزدور بیٹھے ہیں، جن کے ساتھ راہل گاندھی بات کر رہے ہیں۔ اس تعلق سے کانگریس کے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ساتھ کچھ تصاویر شیئر کی گئی ہیں جن میں راہل گاندھی مزدروں کے ساتھ بات چیت کرنے کے علاوہ ان کے ساتھ تعمیراتی کام بھی کرتے نظر آ رہے ہیں۔ ان تصویروں کے ساتھ لکھا ہے کہ آج اپوزیش لیڈر راہل گاندھی نے دہلی کے جی ٹی بی نگر میں مزدروں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے۔ یہ محنتی مزدور ہندوستانی معیشت کی ریڑھ ہیں۔ ان کی زندگی کو آسان اور مستقبل کو محفوظ کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
یہ خبر بھی ہے کہ راہل گاندھی ہاتھرس جاکر ستسنگ کے بھگدڑ میں جان گنوانے والوں کے اہلِ خانہ سے ملاقات کریں گے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کے حوالے سے یہ خبر آئی ہے کہ راہل گاندھی جلد ہی ہاتھرس جاکر مہلوکین کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ ہاتھرس بھگدڑ کے بارے میں راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے تمام غم زدہ لوگوں سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا تھا۔ اپنی پوسٹ میں راہل گاندھی نے اس علاقے کے انڈیا الائنس کے تمام کارکنوں سے اپیل کی تھی کہ وہ راحت اور بچاؤ کام میں بھر پور تعاون کریں۔