غزہ : غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی بمباری نے فلسطینی فنکارہ ایناس السقا کے گھر کو بھی نشانہ بنایا۔ اس بمباری میں ایناس السقا اور ان کی دو بیٹیاں لین اور سارہ‘ بیٹا ابراہیم بھی شہید ہوگئے۔ فلسطینی وزارت ثقافت نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر ایناس السقا اور ان کی دو بیٹیوں اور ایک بیٹے کی شہادت کا اعلان کیا۔ ایناس السقا کے چچا ڈاکٹر جمعہ السقا نے ان کی شہادت اور ان کی نعش کی شناخت کی تفصیلات بتائیں۔
السقا نے بتایا کہ انکی بھتیجی نے اپنا گھر چھوڑ دیا، جسے بم حملے کا خطرہ تھا، اور وہ آرتھوڈوکس چرچ کے ایک پناہ گاہ میں چلی گئیں، چرچ پر اسرائیلی حملہ کا خطرہ بتاکر اس میں پناہ لینے والے افراد کو خالی کرا دیا گیا تھا۔ایک خاندان نے ایناس السقا کی میزبانی کی لیکن بدقسمتی سی اس گھر پر بمباری کی گئی جس میں ان کی بھتیجی ان کی دو بیٹیوں لین،سارہ اور بیٹے ابراہیم سمیت شہید ہو گئیں۔نعشوں کی الشفاء ہاسپٹل میں شناخت کرلی گئی ہے۔ جب کہ ان کا بیٹا ابراہیم اب بھی ملبے کے نیچے ہے۔ایناس السقا کو غزہ کے تھیٹر میں پہلی خاتون کارکنوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے بچوں کے ساتھ بہت سے ڈرامہ اور تھیٹر ورکشاپس کا انعقاد کیا۔ انہوں نے بہت سی کمیونٹی انٹرایکٹو سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا تھا۔ایناس السقا نے القدس میں اشتر تھیٹر اور سویڈش اکیڈمی کے ساتھ بہت سی ورکشاپس میں حصہ لیا۔